Categories
Learn Quran Online

بھولا قرآن کیسے یاد کریں؟

اگر آپ حافظ ہیں مگر قرآن حفظ کے بعد کسی وجہ سے یاد نہیں رکھ پائے یا کچھ سورتیں اور جز بھول چکے ہیں تو آپکو دوبارا یاد کرنے میں پریشانی کا سامنا رہتا ہے۔ آپ دوبارا اسی طریقے سے یاد کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو پہلی مرتبہ اپنایا تھا۔ مگر پہلی مرتبہ آپ پوری جستجو، خشوع وخضوع اور ایک مرتب پلان و ترتیب کیساتھ مدرسے یا مسجد میں گھنٹوں وقت بتا کر ایک سے تین سال کے عمومی عرصے میں مکمل حفظ کرتے ہیں۔ بعد میں مصروفیات زندگی بڑھ جاتی ہیں اور دنیاوی علم کا بوجھ بڑھ جانے کیوجہ سے وقت دینا اور مسجد و مدرسہ میں جاکر گزشتہ ترتیب کیساتھ مشکل ہو جاتا ہے۔

ویسے تو آپکو باقاعدگی کیساتھ وقت نکالنا چاہیے لیکن اگر تین سے چار گھنٹے دن میں میسر ہیں تو بہترین حل یہی ہے کہ کسی مسجد یا مدرسے میں جاکر کھلے دل سے قاری صاحب کے روبرو اقرار کریں کہ آپ کو فلاں فلاں جز یا قرآن یاد نہیں رہا۔ اس معاملے میں کچھ نہ چھپائیں۔ ایسی صورت میں قاری و مدرس آپکی تکلیف، سچائی، اور لگن سے متاثر ہوکر اپنی پوری کوشش کرے گا اور منزل یاد کروانے میں اپنی رہنمائی بھی پیش کرے گا، وگرنہ بصورتِ دیگر وہ جان جائے گا کہ آپ کی نیت واضح نہیں ہے یا خفت مٹانے کیلئے آپ خانہ پوری چاہتے ہیں۔ اپنے دن کی مصروفیات بارے آگاہ کریں تاکہ وہ اسی حساب سے اسباق مرتب کرے اور آپ پر بوجھ نہ بڑھے۔

اگر آپ کے پاس قاری و مدرسہ کی سہولت میسر نہیں تو آسان حل یہ ہے کہ اپنے پسندیدہ قاری کی آواز میں قرآن ڈاؤنلوڈ کر لیں اور روزانہ ایک ڈیڑھ گھنٹہ ترتیب کیساتھ چار سے پانچ صفحات باربار سنیں۔ اس کے بعد اگلے ایک ڈیڑھ گھنٹے میں صفحہ بہ صفحہ دیکھ کر وہی سنے ہوے صفحات پڑھیں اور یاد کرتے جائیں۔ یوں روزانہ سننے کیساتھ یاد کریں گے تو تین گھنٹے روزانہ دینے سے چار سے پانچ صفحات یاد ہوتے چلے جائیں گے۔ جتنا زیادہ سنیں گے اتنا ہی جلدی یاد ہو گا۔

تیسری صورت یہ ہوسکتی ہیکہ آپ کسی مسجد میں اگر ہو سکے تو امامت کے فرائض انجام دینا شروع کر دیں۔ اس سے ایک تو وقت کی پابندی ہو گی دوسرا احساسِ ذمہ داری کا رجحان پیدا ہوگا۔ اگر دن میں مصروفیت ہے تو جہری نمازوں کی امامت کریں اگر چہ بلا معاوضہ ہی کیوں نہ ہوں۔ آپ ایک ماحول میں ڈھل جائیں گے۔ اکا دکا لوگ وقتاً فوقتاً رمضان المبارک میں قرآن مجید سنانے کی فرمائش کرتے رہیں گے یوں آپ کا ضمیر بھی آپ کو اکسانا شروع کر دے گا ساتھ میں مقتدی و دیگر لوگ بھی حوصلہ بڑھائیں گے۔لہذا روزانہ دو چار بھولے صفحات یاد کریں اور امامت میں سنائیں۔

صبح کو فجر کے بعد دو گھنٹے قرآن مجید کو جتنا ہوسکے پڑھیں۔ ایک ایک سپارے کو بار بار پڑھیں۔ جب اسکو تیس سے چالیس بار پڑھ لیں تو اسکے بعد اگلے مہینے دو، چار، چھ یا حسبِ استطاعت صفحات یاد کرنا شروع کردیں۔ آپ کتنے ہی مصروف کیوں نہ ہوں فجر کے بعد دو گھنٹے کا وقت تو نکال سکتے ہیں۔ لہذا ایک ماہ ایک سپارہ جتنی دفع ممکن ہو صرف دیکھ کر پڑھتے چلے جائیں پھر اگلے مہینے اسے یاد کریں۔ یہ نہایت ہی آسان طریقہ ہے بشرطیکہ آپ وقت اور پلان کے تابع چلیں۔

اپنی نیت میں اخلاص لائیں۔ آواز نکھاریں تاکہ لوگ بھی سننا پسند کریں۔ لوگ آپ کی تلاوت کو پسند کریں گے تو آپ کی پذیرائی ہوگی جو کہ سلف موٹیویشن کا باعث بنکر آپ کو قرآن یاد کرنے پر مجبور کرے گی۔ قرآن کریم کو اپنا اوڑھنا بچھونا یوں بنائیے کہ اگر دس منٹ کی بھی کہیں فراغت ملے تو فوراً قرآن پڑھیں۔ موبائیل میں ڈاؤنلوڈ کر لیں۔ باہر آتے جاتے قرآن مجید کی تلاوت کریں۔ صبح اٹھ کر اور سونے سے پہلے ایک سپارے سے کم نہ پڑھیں اور بار بار ایک سپارے کو دیکھ کر پڑھیں۔ یوں اللّٰہ آپکی سچائی، لگن، اور جذبے سے متاثر ہوکر آپ کو مزید حوصلہ، ہمت، اور استطاعت عطا فرمائے گا۔ آپ کی عزت ووقار میں اضافہ ہوگااور اللّٰہ تعالٰی علم میں اور رزق میں برکت عطا فرمائے گا۔ ان شاءاللہ

Categories
Learn Quran Online

علاج نبوی:بھوک نہ لگنا

حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللّٰہ عنہا کاایک روایت میں فرمان ہے ؛

كان رسول الله صلى الله عليه وسلم إذا قيل له أن فلانا وجع لا يطعم الطعام،فقال!عليكم بالتلبينه فحسوه اياها-ويقول؛والذى نفسى بيده، انها تغسل بطن احدكم كما تغسل أحدا كن وجهها من الوسخ (ترمذى، النساى)

جب رسول مقبول صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے روبرو یہ عرض کی جاتی کہ فلاں شخص کو بھوک نہیں لگتی اور وہ کمزور ہو رہا ہے تو آپ فرماتے تمہارے لیے تلینہ موجود ہے اسکو کھاؤ اور فرماتے قسم ہے اس خدا کی جسکے قبضے میں میری جان ہے، یہ تمہارے پیٹ کو یوں دھو کر صاف کرتا ہے جیسے تم چہرے کو پانی سے دھو کر گندگی سے صاف کرتے ہو۔

تلبینہ بنانے کا طریقہ۔Talbina banany ka tarika
2 لیٹر دودھ کو ابال لیں، دو سو گرام جو اس میں ڈال دیں پھر 20-25 منٹ پکائیں یہاں تک کہ کھیر کی طرح پک کر گاڑھا ہو جائے۔ساتھ ساتھ چمچے سے ہلاتے بھی رہیں تاکہ دودھ نیچے نہ لگے۔ حسبِ ذائقہ چینی، شہد، یا دس بارہ کھجوریں مکس کریں،اس کے بعد دس منٹ ہلکی آنچ پر مزید پکائیں اور چمچے کیساتھ مسلسل ہلاتے رہیں۔ اسکے بعد کسی برتن میں نکال لیں۔ بادام کا چھڑکاؤ کر کے کھایئے اور دودھ پیتے بچوں کو نہ دیں۔